روس کا  یوکرین پر جنگ کے آغاز سے اب تک کا سب سے بڑا ڈرون حملہ

 ماسکو (  پاکستان نیوز اردو ) روس نے یوکرین پر جنگ کے آغاز سے اب تک کا سب سے بڑا ڈرون حملہ کیا ہے جس میں یوکرینی فضائیہ کے مطابق مغربی یوکرین میں ایک فوجی فضائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔ روسی وزارت دفاع نے تصدیق کی کہ یہ حملہ کیف کی جانب سے رواں ماہ روسی فضائی اڈوں پر حملوں کے جواب میں کیا گیا ہے اور تمام مقررہ اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

 یوکرین کی فضائیہ کا کہنا ہے کہ روسی حملے کا مرکزی ہدف وہ فضائی اڈہ تھا جو یوکرین کی مغربی سرحد کے قریب واقع ہے۔ فضائیہ کے ترجمان یوری انہات نے یوکرینی ٹی وی کو بتایا کہ مرکزی حملہ ایک آپریشنل فضائی اڈے کو نشانہ بنانے کے لیے تھا، وہاں کچھ مقامات پر حملے کامیاب ہوئے ہیں  تاہم انہوں نے نقصان کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

یوکرینی حکام کے مطابق یہ اڈہ شہر ڈوبنو میں واقع ہے جو پولینڈ کی سرحد سے تقریباً 60 کلومیٹر دور ہے۔روئٹرز کے مطابق یوکرینی فضائیہ نے دعویٰ کیا کہ اس نے روس کے فائر کیے گئے 479 ڈرونز میں سے 460 اور 20 میں سے 19 میزائل تباہ کر دیے۔ یوکرین پر یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب اس نے رواں ماہ روس کے اندر گہرائی تک جا کر کئی روسی بمبار طیاروں کو تباہ کیا تھا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.